ہندوستان خطے میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کررہا ہے، چوہدری انوارالحق
علماء کرام معاشرے میں اتحاد و یکجہتی پیدا کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں
مظفرآباد: وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ علماء کرام معاشرے میں اتحاد و یکجہتی پیدا کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں.امت مسلمہ کو اتفاق و اتحاد سے دشمن قوتوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔اس وقت امت مسلمہ پر آزمائش کا وقت ہے۔آج کشمیر اور فلسطین کی عوام نے قربانیوں کی داستانیں رقم کی ہیں۔ ہندوستان اور اسرائیل نے کشمیر اور فلسطین میں بربریت کی تاریخ رقم کی ہے. علماء کرام معاشرے کے بانجھ پن کو دور کرتے ہوئے امت کی راہنمائی کریں. ہمیں دشمن کی سازشوں کا ادراک کرتے ہوئے مستقبل کی منصوبہ بندی کرنی ہے۔
پاک فوج کے سربراہ نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر پر دوٹوک موقف اختیار کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے علماء و مشائخ کشمیر و فلسطین سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سیمینار میں نمائندہ سیاسی امور و ترجمان غزہ فلسطین ڈاکٹر خالد قدومی, وزیر حکومت سردار عامر الطاف خان, علماء کرام, آزادکشمیر کی تمام دینی و مذہبی جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ہندوستان خطے میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کررہا ہے جسے ہم سب نے ملکر ناکام بنانا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ علماء کرام ہندوستان کے ہندوتوا کے فلسفے کو ناکام بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کی عملی طور پر سفارتی, سیاسی, اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اس آزمائش کی گھڑی میں اتفاق واتحاد عطا فرمائے۔قبل ازیں جب وزیراعظم سیمینار میں شرکت کے لئے پہنچے تو چیئرمین وزیراعظم معائنہ و عملدرآمد کمیشن پیر مظہر سعید شاہ اور چیئرمین علماء و مشائخ کونسل آزادکشمیر مولانا امتیاز احمد صدیقی نے استقبال کیا.