0

موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں تعلیم و آگاہی حاصل کرنے کے حوالہ سے ٹیچرز ریسورس سینٹر کراچی کا مشاورتی اجلاس

موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں تعلیم و آگاہی حاصل کرنے کے حوالہ سے ٹیچرز ریسورس سینٹر کراچی کا مشاورتی اجلاس

نظامت اعلی تحقیق و ترقی نصاب آزاد کشمیر اور ٹیچرز ریسورس سنٹر کراچی (ٹی آر سی) کے زیر اہتمام موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں تعلیم اور آگاہی حاصل کرنے کے حوالہ سے ٹیچرز ریسورس سینٹر کراچی کے تیارکردہ نصاب برائے موسمیاتی تبدیلی برائے جماعت اول تا دہم کا جائزہ و مشاورتی اجلاس منعقد کیا گیا۔

اجلاس میں محکمہ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن آزادکشمیر کے آفیسران، اساتذہ کرام، پرائیویٹ اسکول ٹیچرز اور دیگر ماہرین نصاب کے علاوہ ٹیچرز ریسورس سنٹر کراچی کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔

جائزہ اجلاس میں تیار کردہ ڈرافٹ کے مختلف پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے ماہرین نے اسے مزید بہتر بنانے اور اس کو قومی نصاب سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیا اس موقع پر راجہ محمد نصیر خان ناظم اعلیٰ تحقیق و ترقی نصاب نے دنیا میں موسمیاتی تبدیلی اور خصوصا پاکستان اور آزاد کشمیر میں اس حوالہ سے درپیش مسائل پر شرکاء کو بریفنگ دی اور تجاویز پیش کیں کہ کے تیار کردہ ڈرافٹ میں طلباء کو آگاہی دینے کے لیے ویسٹ منیجمنٹ، جنگلات کو آتشزدگی سے بچاؤ، بارانی اور پہاڑی علاقوں کو درپیش مسائل، شہری منصوبہ بندی اور بالخصوص قومی موسمیاتی تبدیلی پالیسی 2021 اور اس سے منسلک دیگر قوانین کو نصاب میں شامل کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس موقع پر ٹیچر ریسورس سینٹر کراچی کی ڈائریکٹر محترمہ عنبرینہ احمد نے آزاد حکومت اور محکمہ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے موجودہ ڈرافٹ پر آزاد کشمیر کے ماہرین کی طرف سے دی جانے والی تجاویز کا خیر مقدم کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ موجودہ ڈرافٹ پر پاکستان کے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان، اور وفاقی ماہرین نصاب سے بھی بہتری کی تجاویز حاصل کر کے ماہ ستمبر تک موسمیاتی تبدیلی کے نصاب کو فائنل کر لیا جائے گا۔ اس موقع پرTRC کی کریکولم ایکسپرٹ محترمہ نگہت لون, محترمہ تابندہ جبین اور محترمہ مصباح کرامت نے بھی مجوزہ ڈرافٹ کے ٹیکنیکل حوالوں اور اسکو تعلیمی ادارہ جات میں لاگو کرنے کے حوالہ سے پلان پیش کیا۔

اجلاس میں چیئرمین ٹیکسٹ بک بورڈ سید طفیل بخاری ڈائریکٹر نظامت توسیع تعلیم محترمہ فوزیہ صادق اور خواجہ طارق شفیع ریٹائرڈ ڈی ای او مظفرآباد نے بھی خصوصی شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر تمام شرکاء کو TRC کراچی کی جانب سے سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے اور ڈائریکٹر ٹی آر سی کی جانب سے راجہ محمد نصیر خان ناظم اعلی تحقیق و ترقی نصاب اور مدثر منظور قریشی اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈی سی آر ڈی اور انکی پوری ٹیم کا پروگرام کے کامیاب انعقاد پر خصوصی شکریہ ادا کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں