چوہدری انوارالحق 0

آزادکشمیر میں اشرافیہ کو حاصل مراعات اب ریاست کے عام شہریوں کو حاصل ہوں گی، چوہدری انوارالحق

آزادکشمیر میں اشرافیہ کو حاصل مراعات اب ریاست کے عام شہریوں کو حاصل ہوں گی، چوہدری انوارالحق

ریاست میں برادری ازم اور علاقائی ازم سے پاک معاشرے کا قیام اولین ترجیح ہے،جب انسان اصلاح اپنی ذات سے شروع کرے گا تبھی معاشرے کی فلاح ہو سکتی ہے،میرٹ سے ہٹ کر نہ تو کوئی کام ہوا ہے اور نہ ہی ہوگا،وزیراعظم آزاد کشمیر
مظفر آباد: وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں اشرافیہ کو حاصل مراعات اب ریاست کے عام شہریوں کو حاصل ہوں گی،ریاست میں برادری ازم اور علاقائی ازم سے پاک معاشرے کا قیام اولین ترجیح ہے،جب انسان اصلاح اپنی ذات سے شروع کرے گا تبھی معاشرے کی فلاح ہو سکتی ہے،میرٹ سے ہٹ کر نہ تو کوئی کام ہوا ہے اور نہ ہی ہوگا،سوشل پروٹیکشن انڈوومنٹ فنڈ ایک خواب تھا جس آزادکشمیر کے پسے ہوئے طبقات کو ان کی دہلیز پر مالی امداد فراہم کی جائیگی، آنے والے دنوں میں ریاست کے ہنرمند نوجوان بچوں اور بچیوں کو بلاسود قرضے دیئے جائیں گے تاکہ وہ اپنا کوئی روزگار حاصل کر سکیں. ایک سال میں عوام کے ٹیکسوں کے پیسے پر کھلواڑ بند کیا ہے. نظریاتی طور پر الحاق پاکستان کا داعی ہوں جو بھی اس نظریے سے ٹکرائے گا اس کے ساتھ ٹکراؤ ہو گا. پرامن احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے لیکن جھوٹے پروپیگنڈے سے کوئی خوفزدہ نہیں ہوگا. ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے گذشتہ روز وزیراعظم سیکرٹریت میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا.

وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر کے سٹرکچر کو عام شہری کے لئے قابل نفرت نہیں بنانا بلکہ قابل قبول بنانا ہے. وزیراعظم نے کہا کہ اگر ریاست کا بجٹ دو یا تین سال ریاست میں لگا دیں خوشحالی نظر آئے گی. اب عوام کی امیدیں جاگ چکی ہیں. نوجوان نسل کی امیدیں زندہ کر دی ہیں کوئی بھی نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ نہیں کر سکتا. انہوں نے کہا کہ عوام کے ٹیکسوں کے پیسے میں بچت کی ہے اور یہ بجٹ عوام پر خرچ ہوگا. انہوں نے کہا کہ پہلی بار وزراء کی گاڑیوں پر 500 لیٹر کی حد تک قدغن لگا دی ہے. ٹرانسپورٹ پالیسی لا رہے ہیں جس کے تحت سرکاری گاڑیوں میں چپ لگائیں گے جب بغیر ڈیوٹی کے کوہالہ سے پار جائیں گی تو بند ہو جائیں گی.

وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر میں آٹے, بجلی پر سب سے زیادہ سبسڈی دی جا رہی ہے. بجلی کے بل عوام کے مطالبے پر جون 2022 کے ریٹس پر فکس کر دیے ہیں. انہوں نے کہا کہ ایک سال میں کوئی گاڑی نہیں خریدی گئی، آزادکشمیر بھر کی کالجز اور یونیورسٹیوں کی بچیوں کے لئے 28 بسیں فراہم کر رہے ہیں. سرکاری دفاتر میں بائیو میٹرک سسٹم سے 29 فیصد حاضری سے اب 90 فیصد حاضری ہے. ہسپتالوں میں ایمبولینسز فراہم کر رہے ہیں. انہوں نے کہا کہ 15 ارب روپے روڈ سیکٹر میں خرچ کر رہے ہیں اس میں 1600 کی بھی کرپشن ثابت کریں. وزیراعظم نے کہا کہ ثبوت کے ساتھ خبر لگائیں اس پر کارروائی کروں گا،

وزیراعظم کے دفتر اور ہاؤس کا خرچہ نصف کر دیا ہے. تمام صوابدیدی اختیارات ختم کر دیئے ہیں. تمام صوابدیدی آسامیاں ختم کر دی ہیں. ای ٹینڈرنگ سے 3 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے. وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر میں مافیاز ہر ہاتھ ڈالا ہے اب تو چیخیں نکلیں گی. انہوں نے کہا کہ جھوٹ پر مبنی بیانیہ زیادہ دیر تک نہیں چل سکتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں