0

9مئی واقعات،منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور مجرموں کو ملکی قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور سزا کے عمل سے گزارا جائے۔

9مئی واقعات،منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور مجرموں کو ملکی قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور سزا کے عمل سے گزارا جائے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق لاہور گیریژن ہیڈ کوارٹرز میں گیریژن آفیسرز سے خطاب میں آرمی چیف سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ 9 مئی کا سیاہ باب رقم کرنے والوں سے کوئی سمجھوتہ ہوگا نہ ڈیل، وہ معصوم لوگ جو اِن مجرمانہ عناصر کے مذموم سیاسی مقاصد کو نہیں سمجھ سکے، ان ورغلائے ہوئے لوگوں کو پہلے ہی شک کا فائدہ دیا جا چکا، تاہم اپنے آپ کو معصوم ظاہر کرنے والے اصل رہنماؤں کو اپنے جرائم کا حساب دینا پڑے گا۔ سپہ سالار نے واضح کیا کہ بلاشبہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن رہے گا جب دانستہ طور پر شرپسندوں نے شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرتے ہوئے ریاست اور قومی اتحاد کی علامتوں پر حملہ کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول چڑھائے، سپہ سالار نے مادر وطن کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔ آرمی چیف کو فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جنرل عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کی قوم کے لیے خدمات اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ ان پرتشدد اور مذموم کارروائیوں کی وجہ سے پاکستان کے دشمنوں کو ریاست اور قوم کا مذاق اڑانے کا موقع فراہم کیا گیا۔بیان میں بتایا گیا کہ آرمی چیف نے افسوس کا اظہار کیا کہ اب وہی سازشی عناصر، ڈھٹائی سے بیانیہ کو توڑ مروڑ کر ریاست کو اس مذموم کوشش میں ملوث کرنے کی کوشش کر رہے۔ آرمی چیف نے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو یقین دلایا کہ شہدا اور ان کے اہل خانہ یا ادارے کی بے حرمتی کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، 9 مئی کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور مجرموں کو ملکی قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔بیان کے مطابق جنرل عاصم منیر نے کہا کہ اس حوالے سے آئے روز کی جانے والی اشتعال انگیزیوں کا جواب نہ دینے کو ہماری کمزور ی اور ہمارے صبر کو لا محدود نہ سمجھا جائے۔پاک فوج کے سربراہ نے کہاکہ دشمن قوتیں اور ان کے سرپرست جھوٹ، جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے ذریعے ڈیجیٹل ٹیریزم کر رہے ہیں، مسلح افواج اور پاکستانی عوام کے درمیان تفریق پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں مگر قوم کی حمایت سے ان تمام قوتوں کے عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔ہماری رائے میں سپہ سالار وطن جنرل سید عاصم منیر کی طرف سے ۹ مئی 2023کے واقعات میں ملوث افراد کے حوالے سے اس عزم کا اظہار کہ ایسے افراد جو پر تشدد کاروائیوں میں ملوث ہیں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ایسے افراد کوریاستی قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لاکر سزا کے عمل سے گزارا جائے گا بلا شبہ ایک اصولی موقف ہے کیونکہ کوئی بھی ملک اور ریاست شدت پسند عناصر کوریاستی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی اور مادر پدر آزاد حرکات کی اجازت نہیں دے سکتا۔ بلاشبہ 9مئی کے دن جس انداز میں فوجی تنصیبات پر جلاوٗ گہراو اور پر تشدد واقعات کے زریعے شہداء کی یادگاروں کی جو بے حرمتی کی گئی وہ کسی طور بھی قابل معافی نہیں ہے۔ ان واقعات میں ملوث افراد کو شواہد کی بنیاد پر سزا کے عمل سے گزارا جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی فرد اور افراد کا گروہ اس قسم کے واقعات میں ملوث ہونے کی جسارت نہ کرسکے۔ اس میں کوئی دورائے نہیں کہ پاک فوج قوم کی امیدوں کا مرکز اور ملک کے دفاع اور تحفظ کی علامت ہے اور ایسے واقعات اور پر تشدد کاروائیوں سے پاک فوج اور عوام کے درمیان ایک خلاء پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے جو کامیاب نہ ہوسکی البتہ اس قسم کے واقعات سے پاک دشمن عناصر کو وطن عزیز کے خلاف عالمی سطح پرمنفی پراپیگنڈا کرنے کا موقع فراہم ہوتا ہے جو کسی طور بھی ایک اچھی علامت اور روش نہیں۔ہماری رائے میں 9مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو مکمل کوائف، شوہد اور سبوتوں کی بنیاد پر انصاف کے کٹہرے میں لایا گائے اور ثابت ہونے پر قانون کے مطابق سزا کا موجب قرار دیا جائے۔ پاک فوج پاکستام قوم کی اساس اور تحفظ کی ضمانت ہے اور دفاع وطن کے لئے پاک فوج کی لازوال قربانیاں ہماری تاریخ کا ایک اہم باب ہے۔ بلاشبہ پاک فوج نے نہ صرف بھارت کے مکروہ عزائم کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی ماند کھڑی ہے بلکہ دہشت گردی کے عفریت کو کچلنے کے لئے بھی پاک فوج کی لازوال قربانیاں نا قابل فراموش ہیں۔ہماری رائے میں آرمی چیف کی پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو یہ یقین دہانی کہ شہدا اور ان کے اہل خانہ یا ادارے کی بے حرمتی کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور 9 مئی کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور مجرموں کو ملکی قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور جیسا کہ آرمی چیف نے اس عزم کا اظہار کیا ہے، بلاشبہ قوم اور شہداء کے ورثا ء کے لئے حوصلے کا باعث ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں