0

پاکستان اور شانشی کے مابین زراعت، توانائی اور کان کنی کے شعبوں میں تعاون طے

پاکستان اور شانشی کے مابین زراعت، توانائی اور کان کنی کے شعبوں میں تعاون طے

وزیرِ اعظم نے تعاون کے معاہدے کو حتمی شکل دینے کیلئے وزیرِ پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک کی سربراہی میں کمیٹی بنا دی
اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے شی-آن میں صوبہ شانشی کے پارٹی سربراہ (سیکرٹری) جاؤ ایدا نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور شانشی کے مابین زراعت، توانائی اور کان کنی کے شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا گیا۔

جاری اعلامیہ کے مطابق جاؤ ایدا نے شانشی کی قیادت اور عوام کی جانب سے وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد کا خیر مقدم کیا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ شی-آن کی قیادت اور اسکے عوام کے پاکستانی وفد کے پرتپاک استقبال پر شکر گزار ہیں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ شی-

آن میں تاریخی جگہوں کو دیکھ کر چینی کاریگروں کی ہنرمندی نے متاثر کیا،چینی حکومت بالخصوص شانشی کی حکومت نے بہترین طور سے اپنے تاریخی و ثقافتی ورثے کی حفاظت کی ہے۔ شہباز شریف نے کہاکہ ہمارے دورہ ِ چین کے دوران پاکستانی وفد کو تاریخی استقبال دیا گیا،گزشتہ روز چینی اعلی قیادت سے کامیاب ملاقات رہی۔

انہوں نے کہاکہ عزت مآب صدر شی جن پنگ نے شاندار عشائیے کا اہتمام کیا اور اس پر خوشگوار گفتگو بھی ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور چین دو آہنی بھائی ہیں جن کی شراکت داری، تعاون اور تاریخی برادرانہ تعلقات مثالی ہیں۔

وزیر اعظم نے کہاکہ چین نے پاکستان کی ہر مشکل وقت میں مدد کی جس کیلئے مجھ سمیت پوری قوم مشکور ہے۔

وزیر اعظم نے کہاکہ شانشی نے کویڈ19 کے دوران پاکستانیوں کی بھرپور مدد کی۔وزیر اعظم نے کہاکہ چینی قیادت کی ترقی پسندانہ سوچ نے چین کو دنیا کی بڑی اقتصادی قوت بنایا۔

وزیر اعظم نے کہاکہ شانشی جدید زراعت اور گرین انرجی میں پوری دنیا میں مثالی نام رکھتا ہے،پاکستان اور شانشی کے مابین زراعت میں تعاون کی دعوت دیتا ہوں۔

وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان شانشی سے جدید زراعت اور گرین انرجی کے شعبے سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت نہ صرف جدید زراعت بلکہ زرعی اجناس کی پراسیسنگ سے انکی برآمدات کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کی اولین ترجیح ملکی برآمدات میں اضافہ اور ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ ہے۔جاؤ ایدا نے وزیرِ اعظم کو شانشی اور شی-آن کی اقتصادیات اور مصنوعات کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔جاؤ ایدا نے کہاکہ پاکستان اور شانشی کے مابین تجارت کے فروغ کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے کہاکہ شانشی کی حکومت پاکستان کی زراعت و گرین انرجی کے حوالے سے ہر قسم کی معاونت کیلئے تیار ہے۔

انہوں نے کہاکہ آپکی چینی قیادت سے ملاقاتیں کامیاب اور سودمند رہیں جو خوش آئند امر ہے۔انہوں نے کہاکہ شی-

آن کی جامعات میں پاکستانی طلباء کی کثیر تعداد زیرِ تعلیم ہے،پاکستان اور چین کے تعلقات گہرے اور مضبوط ہیں۔ملاقات کے بعد جاؤ ایدا نے وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔ملاقات میں وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف، احسن اقبال، محمد اورنگزیب، عطاءاللہ تارڑ، ڈاکٹر مصدق ملک، سردار اویس خان لغاری، رانا تنویر حسین بھی شریک تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں