کرنل ریٹائرڈ محمد معروف خان 0

مفتی محمد وسیم رضا جیسے مذہبی اکابرین خطہ کے لیے عظیم سرمایہ ہیں، کرنل ریٹائرڈ محمد معروف خان

مفتی محمد وسیم رضا جیسے مذہبی اکابرین خطہ کے لیے عظیم سرمایہ ہیں، کرنل ریٹائرڈ محمد معروف خان
ایل او سی پر واقع گاؤں عبداللہ پور میں واقع دینی ادارے جامعہ اسلامیہ رضویہ میں جلسہ دستار فضیلت کا انعقاد کیا گیا جس میں 4 طلباء محمد فائز المرام رضا، حافظ محمد عاصم، حافظ محمد حسنین کرامت، حافظ محمد انس بشارت کے قرآن مجید حفظ کرنے پر دستار بندی کی گئی، 22 طلباء 9 طالبات کو تجوید قرات میں احسن کارکردگی پر اسناد سے نوازا گیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم آزاد کشمیر کے سپیشل ایڈوائزر کرنل ریٹائرڈ محمد معروف خان،کمانڈنگ آفیسر اشفاق احمد عباسی،ڈائریکٹر امور دینیہ حافظ نذیر احمد قادری پروفیسر محمد الیاس قمر قادری تھے۔ تقریب کی صدارت چیئرمین سنی اتحاد کونسل آزاد کشمیر مفتی محمد وسیم رضا نے کی۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام الٰہی سے کیا گیا جس کی سعادت قاری عدیل سلطانی جبکہ نعت رسولﷺ کی سعادت محمد رمضان سلطانی نے حاصل کی تقریب میں سابق امیدوار اسمبلی میجر ریٹائرڈ خضر الرحمن راجہ،چیئرمین چوہدری محمد عاشق، ممبر ضلع کونسل سیٹھ فاروق زرگر، چوہدری انعام الحق ایڈووکیٹ، پرنسپل جامعہ امینیہ اسلام گڑھ الحاج منشاء قادری، پیر سید ارشاد حسین شاہ، حاجی سیٹھ شفیق،سمیت سیاسی و سماجی شخصیات،علماء کرام اور عوام علاقہ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ تقریب آمد پر چوہدری چاچا مشتاق، عنصر جرال، سید وسیم عباس و دیگر نے مہمانوں کا استقبال کیا، تقریب میں شریک مہمانوں نے لائن آف کنٹرول کے دور افتادہ گاؤں میں بہترین ادارے کے قیام پر مفتی وسیم رضا اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے سپیشل ایڈوائزر کرنل ریٹائرڈ محمد معروف خان نے کہا کہ مفتی محمد وسیم رضا کی قرآن و حدیث کے فروغ اور بالخصوص لائن آف کنٹرول پر بہترین دینی ادارے کا قیام کی کاوشوں کو جتنا بھی خراج تحسین پیش کیا جائے کم ہے ان جیسے مذہبی اکابرین خطہ کے لیے عظیم سرمایہ ہیں ان کی ہمیں قدر کرنی چاہیے اور ان کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے دنیاوی علوم کے ساتھ دینی علم کو بھی اسی طرح فروغ دیا جائے جیسے ہمارے مذہب نے تلقین کی ہوئی ہے۔دینی تعلیم حاصل کیے بغیر ہم اپنی دنیا اور اخروی زندگی کو کامیاب نہیں بناسکتے۔ انہوں نے قرآن مجید حفظ اور دیگر شعبوں میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء وطالبات اور ان کے والدین کو مبارکباد دی اور توقع کی کہ وہ دین اسلام کے زریں اصولوں کو اپنی زندگی کا شعار بنائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں