عطا اللہ تارڑ 0

ضمنی انتخابی نتائج مسلم لیگ (ن)پر عوامی اعتماد کا مظہر ہیں، عطااللہ تارڑ

ضمنی انتخابی نتائج مسلم لیگ (ن)پر عوامی اعتماد کا مظہر ہیں، عطااللہ تارڑ
نفرت، انتشار کی سیاست اور پی ٹی آئی کا جھوٹا بیانیہ عوام نے مسترد کر دیا،

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عوام نے ضمنی انتخابات میں نفرت و انتشار کی سیاست اور پی ٹی آئی کا جھوٹا بیانیہ مسترد کر دیا ہے، ضمنی انتخابی نتائج مسلم لیگ (ن) پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہیں، واضح برتری ملنے پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں۔ اتوار کو ضمنی انتخابات کے نتائج کے حوالے سے اپنے ویڈیو بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ضمنی انتخابات کے نتائج مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر بھرپور عوامی اعتماد کا اظہار ہیں، ثابت ہو گیا کہ پارٹی کی پالیسیاں عوام کے دلوں میں گھر کر چکی ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک میں معاشی اصلاحات سے عوام میں امید کی کرن پیدا ہوئی، معیشت کے حوالے سے مثبت خبریں آ رہی ہیں، حکومت نے مہنگائی میں کمی، ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے اور معیشت کی بحالی کے لئے اقدامات اٹھائے، حکومت نے سنجیدگی کے ساتھ معاشی مسائل کے حل کے ذریعے جن پالیسیوں اور عملی اقدامات کا آغاز کیا، ان پر عوام نے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف کا ووٹر مایوسی کا شکار ہے، ان کے لیڈر کے جیل سے متضاد اور جھوٹ پر مبنی بیانات آ رہے ہیں، انہوں نے جیل میں بیٹھ کر ملک اور ملک کے دفاعی اداروں کے خلاف سازشیں کیں، پاکستان کی عالمی سطح پر ساکھ کو متاثر کرنے کی کوشش کی، دوست ممالک کے خلاف بیانات دیئے، ریاست مخالف بیانیہ بنانے کی کوشش کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی نفرت، انتشار اور منافقت کی سیاست کو عوام نے رد کر دیا ہے،جھوٹ کا بیانیہ دفن ہو چکا ہے، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے کام سب کو نظر آ رہے ہیں، ضمنی انتخابات کی ہر نشست پر مسلم لیگ (ن) کی واضح برتری وفاق اور پنجاب کے اندر ہماری کامیاب پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ انشااللہ ملک کے حالات بہتر ہوں گے، عوام نے ہم پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے ہم اس پر پورا اتریں گے، ملک کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلوائیں گے، معاشی مسائل حل کر کے عوام کو ریلیف دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دینے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے حق اور سچ کا ساتھ دیا، مسلم لیگ (ن) کو واضح برتری ملنے پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں