وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف 0

وزیر اعلیٰ پنجاب کا مری میں جدید سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے اقدامات، بلاشبہ سیاحت کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوسکتا ہے

وزیر اعلیٰ پنجاب کا مری میں جدید سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے اقدامات، بلاشبہ سیاحت کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوسکتا ہے

گزشتہ روز مری میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں مری کے مسائل، ضروریات اور ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں وزیراعلی مریم نواز شریف نے مری کی ڈویلپمنٹ کے لئے جامع پلان طلب کر لیااور مری سمیت دیگر سیاحتی مقامات پر پلاسٹک بیگز پر پابندی کا حکم دیا۔اجلاس میں مری میں سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بنانے کیلئے سائٹ اورمری میں انٹری کیلئے گاڑیوں کو پرمٹ کارڈ ایشو کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔مری کے لئے دریا جہلم سے پانی لانے کے لئے واٹر سپلائی سکیم کی اصولی منظوری دی گئی اورموجودہ واٹر سکیم کی بحالی اور فلٹریشن کا منصوبہ بھی طلب کرلیا گیا۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے مری میں پارکنگ کے لئے کیبل کار اور جدید ٹرام چلانے کے اقدامات کی ہدایت کی۔مری میں گاڑیوں کے داخلے پر پابندی لگانے پر غور کیا گیا۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ہر بلڈنگ میں پارکنگ کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی اورغیر قانونی عمارتیں کی نشاندہی کرکے فوری طور پر گرانے کا حکم دیا۔نیو مری قائم کرنے کے کوٹلی ستیاں اور دیگر علاقوں میں متبادل سیاحتی مقامات میں ڈویلپمنٹ کیا جائے گا۔اجلاس میں مری کیلئے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی اور پارکس اینڈ ہارٹیکلچر قائم کرنے کی منظوری دی گئی۔مری میں تجاوزات کے خاتمے کا حتمی پلان پیش کیاگیااور منظوری دیدی گئی۔مری میں بس سٹینڈ کو فنکشنل کرنے اور غیر قانونی اڈے بند کرنے کا فیصلہ کیاگیا،مری کی سڑکوں کو ون وے بنانے اور کشادگی کی منظوری بھی دی گئی۔اس موقع پر قائد مسلم لیگ (ن)محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ مری کنکریٹ کا جنگل بن چکا ہے اورتعمیراتی معیار مدنظر نہیں رکھا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لینڈ سلائڈنگ پوائنٹس پر ہوٹلوں،عمارتوں کی تعمیر خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ ماضی میں پیسے کمانا لوگوں کا مقصد رہا اورتاریخی عمارتوں کا قدیمی حسن تباہ کر دیا گیا۔سیاحتی مقامات بد انتظامی کی تصویر بنے ہوئے ہیں اجلاس میں ایم پی اے بلال ستی،چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، کمشنر عامر خٹک، ڈپٹی کمشنر ظہیر شیرازی، آر پی او اور دیگر حکام نے شرکت کی جبکہ سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، ایم این اے اسامہ اشفاق سرور نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ہماری رائے میں ملکہ کوہسار مری کی ترقی اور بہتری کے لئے حکومت پنجاب کی طرف نئے منصوبے بلاشبہ نا صرف اس علاقے کی مجموعی ترقی میں ممدوو معاون ثابت ہونگے بلکہ سیاحت کے فروغ اور سیاحوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے میں بھی موثر ثابت ہونگے۔ اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور قائد مسلم لیگ (ن) کی خصوصی توجہ بلاشبہ اہمیت کی حامل ہوگی۔ ماضی میں بطور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں نواز شریف نے مری کی ترقی، انفراسٹرکچر کی بہتری، سیاحوں کو جدید سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بہت سے موثر اقدامات اٹھائے تھے جس سے مری میں سیاحت کے فروغ میں مدد ملی۔ہماری رائے میں مری نا صرف پنجاب بلکہ وطن عزیز کے دیگر بہت سے سیاحتی مقامات میں ایک منفرد اور اہم مقام رکھتا ہے نہ صرف پاکستان کے طول وعرض سے بلکہ دنیا کے دیگر ممالک سے پاکستانی اور غیر ملکی سیاح بڑی تعداد میں مری میں آتے ہیں جس سے بلا شبہ سیاحت کو فروغ ملتا ہے اور علاقے میں روزگار کے بہتر مواقع اور آمدنی کے زرائع پیدا ہوتے ہیں۔ ہماری رائے میں صرف مری ہی نہیں بلکہ ملک میں دیگر تمام سیاحتی مقامات پر سیاحوں کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کے لئے اگر اقدامات کئے جائیں تو ملک میں سیاحت کا شعبہ ترقی کرسکتا ہے جس سے وطن عزیز میں روزگار اور آمدن میں اضافہ سے خوشحالی یقینی ہوگی۔ مری میں سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بنانے کی تجویز ایک اچھی پیشرفت ہے۔ ہماری رائے میں حکومت کو مری میں جدید سہولتوں سے آراستہ ایک اچھا ہسپتال بنانے کے لیے عملی اقدامات اٹھانا چایئے اس سے جہاں مری کی مقامی آبادی کو جدید طبی سہولتیں میسر آئیں گی وہاں سیاحوں کو بھی ضرورت کے تحت جدید طبی سہولتوں کی فراہمی ممکن ہوسکے گی۔ مری میں آبادی کے دباوٗ اور سیاحوں کی تعداد میں اضافہ کے باعث علاقے میں پانی کی قلعت کا سامنا ہے اس حوالے سے حکومت پنجاب کا مری کے لئے دریا جہلم سے پانی لانے کے لئے واٹر سپلائی سکیم کی اصولی منظوری بلاشبہ ایک بہتر اور قابل ستائش فیصلہ ہے اور امید کی جاسکتی ہے کہ اس منصوبے پر جس قدر جلد ممکن ہو عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ مری جو وطن عزیز کا ایک خوبصورت اور منفرد سیاحتی مقام ہے وہاں لوگوں اور سیاحوں کو پانی کی قلعت سے نجات دلائی جاسکے۔جدید عمارات اور ون وے سڑکوں کی تعمیر،مری کی تزئین وآرائش، صفائی ستھرائی میں بہتری لائی جائے اور ا سی طرح گاڑیوں کی پارکنگ اور پانی کی قلعت کے مسائل پر اگر قابو پالیا جائے تو مری ایک بہترین سیاحتی مرکز میں تبدیل ہوجائے گا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز اگر مری کی ترقی اور خاص طور پر سیاحوں کو جدید اور بہتر سہولتوں کی فراہمی کے لئے فوری طور پر اقدامات اٹھائیں گی اس کے مثبت اثرات ملک کے دیگر سیاحتی مقامات پر بھی مرتب ہون گے، بلاشبہ سیاحتی مقامات کی ترقی اور ان علاقوں میں سیاحوں کو جدید سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے سے ملک میں سیاحت کا شعبہ موثر انداز میں فروغ پائے گا اور سیاحت کی ترقی سے ملک میں روز گار اور آمدنی میں اضافہ سے غربت میں لانے میں بھی مدد ملے گی۔
ا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں