وزیر اعظم شہباز شریف 0

دہشت گردی کے عفریت کو کچلنے کے لئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا عزم قوم کے لئے حوصلے اور تقویت کا باعث ہے

دہشت گردی کے عفریت کو کچلنے کے لئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا عزم قوم کے لئے حوصلے اور تقویت کا باعث ہے

اگلے روز وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت سیکیورٹی سے متعلق اعلی سطحی اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا ہم دہشت گردی سے اس وقت تک لڑیں گے جب تک پاکستان، اس کے عوام اور ان کے مہمانوں پر بری نظر ڈالنے والے ہر دہشت گرد کا خاتمہ نہیں ہو جاتا، ان کا کہنا تھا کہ ہم اس بات کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے کہ پاکستان کی خوشحالی میں کردار ادا کرنے والا ہر غیر ملکی شہری خصوصا چینی شہری پاکستان میں محفوظ رہے۔سپہ سالار پاکستان کا کہنا تھا کہ ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے مسلح افواج پر عزم ہے۔ انہوں نے کہاکہ قوم نے پچھلی دو دہائیوں سے ثابت قدمی سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی ہے اور پاکستان کے مخالفین کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ہے پاکستان کے دشمنوں نے ایک بار پھر ریاست اور پاکستانی عوام کی لچک اور حوصلے کو کم سمجھا ہے۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم آخری دم تک دہشت گردی کا مقابلہ اپنی پوری طاقت سے کریں گے۔ہماری رائے میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا دہشت گردی کے عفریت کے خاتمہ کے لئے عزم کا اظہار بلاشبہ ایک مثبت علامت اور پاک فوج کی صلاحیت اور اعلیٰ کردار کا مظہر ہے کہ پاک فوج اپنے وطن اور اہل وطن کی حفاظت کے علاوہ چین جیسے دوست ملک کے شہریوں اور مہمانوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے بھی پر عزم اور ہمہ تن تیار ہے۔ یاد رہے کہ تین روز قبل خیبرپختونخواہ کے علاقہ بشام میں دہشت گردوں نے چینی شہریوں کو نشانہ بنایااور حملے میں 5چینی انجینئرزاور ایک پاکستانی شہری جاں بحق ہوگئے۔ بلاشبہ یہ ایک منصوبہ بند اور ایک گہری سازش کے تحت دہشت گرد حملہ تھا جس کا مقصد پاکستان اور چین کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے کے علاوہ سی پیک منصوبے کو ثبوتاژ کرنا بھی تھا۔ یہ حقیقت ہے کہ پاکستان دشمن طاقتیں کسی طور بھی سی پیک منصوبے کی تکمیل اور کامیابی نہیں چاہتیں اور اس مقصد کے لئے بھارت افغانستان کی سر زمین استعمال کر رہاہے۔ اس میں کوئی دورائے نہیں کہ وطن عزیز میں سی پیک منصوبے اور دیگر عالمی ترقیاتی منصوبوں کی سیکورٹی پاک فوج کے ذمہ ہے اور پاک فوج کے جوان اپنی جانوں پر کھیل کر اپنے فرض کی ادائیگی کو یقینی بناتے ہیں یہی وجہ ہے کہ سرحد پار سے دہشت گردہٹ اینڈ رن یا پھر خود کش حملوں کے ذریعے پاک فوج کی چوکیوں اور ڈیوٹی پر تعینات اہل کاروں کو نشانہ بناتے ہیں تاکہ پاک فوج کا مورال پست ہوجائے لیکن پاک فوج اور دیگر سیکورٹی اداورں کے اہل کار اپنی جانوں پر کھیل کر بھی اپنے فرض کی ادائیگی کو یقینی بناتے ہیں اور پاک فوج کے جوانوں کا یہی جذبہ پاک دشمن طاقتوں کے لئے پریشانی کا باعث ہے۔ گوادر پورٹ سی پیک منصوبے میں ایک کلیدی حیثیت رکھتا ہے اس حوالے سے چند روز قبل گوادر میں دہشت گرد حملہ کی منصوبہ بندی اسی سازش کا تسلسل ہے لیکن ہماری سیکورٹی فورسز نے دشمن کا یہ وار بھی ناکام بنادیا۔بلاشبہ اغیار اور طاغوتی قوتوں نے ایک منظم سازش کے تحت پاکستان میں معاشی اور سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کے لئے دہشت گردی کے عفریت کو ہوا دی لیکن ہمیشہ کی طرح پاک فوج کے جوانوں نے ہی دہشت گردی جیسی لعنت کو کچلنے کے لئے اپنی قربانیاں دیکر بندھ باندھا ہے۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا درست ہے کہ قوم نے پچھلی دو دہائیوں سے ثابت قدمی سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی ہے اور پاکستان کے مخالفین کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ہے۔ بلاشبہ مشکل کی ہر گھڑی میں قوم کی نگاہیں اپنی افواج پر ہی ہوتی ہیں اور اگر یہ کہا جائے کہ پاک فوج گزشتہ تین دہائیوں سے دہشت گردی کی لعنت کے خلاف نبرد آزما اور حالت جنگ میں ہے تو غلط نہ ہوگا اور جس انداز سے پاک فوج نے دہشت گردوں کو نشان عبرت بنایا وہ اپنی مثال آپ ہے اور عالمی سطح پر بھی امریکہ سمیت دیگر عالمی طاقتوں نے اس حوالے سے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور کردار کی تعریف کی ہے جو ایک عالمی اعزاز ہے۔ہماری رائے میں وطن عزیز کو عالمی استعمار اورطاغوتی قوتوں کی یلغار سے محفوظ رکھنے کے لئے ضروری ہو گیا ہے کہ قوم میں مکمل اتحاد اور اتفاق کا مظاہرہ کیا جائے کیونکہ قومی یکجہتی سے ہی ملک کے خلاف سازشوں اور پاک دشمن طاقتوں کے مکروہ عزائم کو خاک میں ملایا جاسکتا ہے۔ بلاشبہ چینی ہنرمندوں کا قتل ایک گہری سازش کا نتیجہ ہے اور اس سازش کے تانے بانے بذریعہ افغانستان بھارت سے جا ملتے ہیں اور بھارت بھی یہ مکروہ کھیل امریکہ کی خوشنودی کے لئے کھیل رہا ہے، کیونکہ امریکہ کو چین کا اس خطے میں کردار اور اہمیت کسی طور برداشت نہیں اور امریکہ اپنے ان مقاصد کی تکمیل بھارت کو استعال کر کے حاصل کرنا چاہتا ہے۔ ہماری دانست میں یہ بات واضع اور تہہ ہے کہ سی پیک پاکستان اور اس خطے کے لئے معاشی طور پر ایک گیم چینجر ہے اوراس کی تکمیل اور فعالیت سے پاکستان کا معاشی مستقبل وابستہ ہے اوربلاشبہ چین نے اس میگا پروجیکٹ پر کھربوں روپے لگا دیے ہیں اب چین اور نہ ہی پاکستان کو اپنے مقاصد سے پیچھے ہٹنے کی ضرورت ہے بلکہ ضروری ہوگا کہ جس قدر جلد ممکن ہو چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل یقینی بنائی جائے تاکہ اس اہم منصوبے کے ثمرات پاکستان اور خطے کو حاصل ہوسکیں اور دشمن اپنے ناپاک عزائم مین ناکام ہوجائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں